بنگلہ دیش: عوامی لیگ کے جوائنٹ جنرل سیکریٹری محبوب العالم حنیف کو سزائے موت سنا دی گئی

،تصویر کا ذریعہMahbubul Alam Hanif/facebook
بنگلہ دیش میں پابندی کا سامنا کرنے والی عوامی لیگ کے جوائنٹ جنرل سیکریٹری محبوب العالم حنیف کو انسانیت کے خلاف جرائم کے ایک مقدمے میں بین الاقوامی جرائم ٹریبونل-2 نے سزائے موت سنائی ہے۔
یہ فیصلہ 2024 میں جولائی عوامی بغاوت کے دوران کُشتیا میں چھ افراد کے قتل سے متعلق ایک مقدمے میں سنایا گیا۔ اسی مقدمے کے دیگر کئی الزامات میں انہیں عمر قید با مشقت کی سزا بھی دی گئی ہے۔
اس مقدمے میں محبوب العالم حنیف سمیت چار ملزمان نامزد تھے۔
دیگر ملزمان میں کُشتیا ضلع عوامی لیگ کے صدر صدرالدین خان، جنرل سیکریٹری اظہر علی اور شہر عوامی لیگ کے جنرل سیکریٹری عطاؤ الرحمٰن آتا شامل ہیں۔
انھیں بھی مختلف الزامات میں تاحیات با مشقت قید اور عمر قید با مشقت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ چاروں ملزمان مفرور ہیں۔
سزا پانے والے تمام ملزمان کی غیر منقولہ جائیداد کا نصف حصہ ضبط کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، جبکہ ضبط شدہ جائیداد کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم جولائی فاؤنڈیشن یا کسی دوسرے قانونی ادارے کے ذریعے جولائی تحریک میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو بطور معاوضہ دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
محبوب العالم حنیف کون ہیں؟
محبوب العالم حنیف بنگلہ دیش کی سیاسی جماعت عوامی لیگ کے سینئر رہنما اور جوائنٹ جنرل سیکریٹری ہیں۔ وہ ضلع کُشتیا سے تعلق رکھتے ہیں اور ماضی میں کُشتیا-3 کے حلقے سے کئی بار رکن پارلیمان منتخب ہو چکے ہیں۔
وہ طویل عرصے تک عوامی لیگ کی مرکزی قیادت کا حصہ رہے اور 2009 میں پارٹی کے جوائنٹ جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔
وہ 2009 سے 2013 تک اس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خصوصی معاون کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔


















