سابق ماڈل، پیرا اولمپئن اور ٹی وی نیوز میزبان: آئیووا میں جیت کے لیے امیدواروں کی دلچسپ کشمکش, جیک گیلپ، آئیووا
آئیووا ایک اور ایسی ریاست ہے جہاں ریپبلکنز کا دیرینہ مضبوط گڑھ خطرے میں دکھائی دے رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل تین صدارتی انتخابات میں اس ریاست میں باآسانی کامیابی حاصل کر چکے ہیں، جبکہ آئیووا کے ووٹروں نے 2008 کے بعد سے کسی ڈیموکریٹ سینیٹر اور 2007 کے بعد سے کسی ڈیموکریٹ گورنر کو منتخب نہیں کیا۔
لیکن صدر ٹرمپ کے محصولات نے ریاست کے ان کسانوں کے اخراجات میں اضافہ کر دیا ہے جو اپنی زرعی سرگرمیوں کے لیے درآمدی مصنوعات پر انحصار کرتے ہیں۔ ایران کے ساتھ جنگ نے بھی آئیووا کے ان باشندوں کو متاثر کیا ہے جو ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں سے براہِ راست متاثر ہو رہے ہیں۔
تو پھر کون انتخاب لڑ رہا ہے؟
گورنر کے مقابلہ
ڈیموکریٹ روب سینڈ، جو ایک سابق ماڈل اور آئیووا کے ریاستی آڈیٹر ہیں، ریپبلکن امیدوار زیک لان کے مقابل ہیں۔ زیک لان آئیووا کے کسان ہیں جنھوں نے ٹرمپ کی حمایت یافتہ امیدوار کو شکست دے کر پارٹی نامزدگی حاصل کی۔
امریکی سینیٹ کے لیے مقابلہ
ڈیموکریٹ جوش ٹوریک، جو سابق پیرا اولمپک باسکٹ بال سٹار اور موجودہ ریاستی نمائندہ ہیں، ایشلے ہنسن کے مقابل انتخاب لڑ رہے ہیں، جو سابق ٹی وی نیوز میزبان ہیں اور 2021 سے امریکی کانگریس کی رکن ہیں۔
ہنسن کو صدر ٹرمپ کی حمایت حاصل تھی، لیکن بعد میں انھوں نے ایران کے خلاف جنگ میں جانے کے ان کے فیصلے پر تنقید کی۔ آئیووا میں سینیٹ کی یہ نشست کانگریس میں طاقت کے توازن کو اکیلے ہی تبدیل کر سکتی ہے۔