بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔
کوئٹہ میں کورونا کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں کورونا کو چار مہینے ہو گئے۔
جولائی کے مہینے کے آٹھ دنوں کے دوران ٹیسٹ کی مجموعی تعداد کے بارے میں بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یکم سے 8 جولائی تک 3331 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 576 مثبت کیس رپورٹ ہوئے۔
حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ اس ہفتے میں مجموعی 33 اضلاع میں سے 16 میں سے کوئی مثبت کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ پہلے کے مقابلے میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس کا کریڈٹ بلوچستان باالخصوص کوئٹہ کے عوام کو جاتا ہے کیونکہ انھوں نے احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا اور یہ عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا۔
انھوں نے لوگوں پر زور دیا کہ عید کے دنوں میں ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد کریں تاکہ کیسز کی تعداد میں اضافہ نہ ہو۔
اگرچہ بلوچستان سے کورونا کے کم کیس رپورٹ ہو رہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔
لیاقت شاہوانی نے کہا کہ پہلے کے مقابلے میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی صحت یابی کی شرح میں 20 فیصد اضافے کے بعد صحتیابی کی شرح 60 فیصد ہو گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کورونا سے مصدقہ تعداد 124 ہے جن میں سے 80 کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔