راولپنڈی میں اینکر پرسن ربیعہ احسن کی لاش گھر سے برآمد: ’گردن کے نیچے گولی لگی ہے‘

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 2 منٹ

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کی پولیس کا کہنا ہے کہ صحافی اور اینکر پرسن ربیعہ احسن اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی ہیں۔

پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ ربیعہ احسن کی لاش اڈیالہ روڈ پر واقع علاقے گلشن آباد میں ان کے گھر کے ایک کمرے سے برآمد کی گئی ہے جس پر گردن کے نیچے گولی لگنے کا نشان موجود ہے۔

ایک بیان میں راولپنڈی سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) حسن مشتاق سکھیرا نے بتایا ہے کہ اس واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جبکہ ربیعہ احسن کے شوہر کو تحویل میں لے لیا گیا اور پولیس نے آلہ قتل اپنے قبضہ میں لیا ہے۔

سی پی او راولپنڈی نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ’خاتون کو گردن کے نیچے گولی لگی ہے۔ ان کی شناخت ربیعہ احسن کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ ایک نجی ٹی وی چینل کی پروگرام ہوسٹ ہیں۔‘

ربیعہ احسن کی لاش ہسپتال منتقل کی گئی ہے۔

ایکس پر پنجاب کی وزیر اطلاعات اعظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تفتیش کے دوران ربیعہ احسن کے شوہر نے پولیس کے سامنے یہ دعویٰ کیا کہ بندوق سے گولی ’حادثاتی طور پر چلی۔‘

انھوں نے مزید بتایا کہ پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کی ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں جبکہ تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

41 سالہ ربیعہ احسن چینل 92 سے منسلک تھیں جہاں وہ صحافی عامر متین کے ساتھ پروگرام 'مقابل' کی میزبان تھیں۔ چینل 92 کے نامہ نگار ساجد شیخ کے مطابق ربیعہ احسن نے گذشتہ دنوں بھی اپنے پروگرام کی میزبانی کی تھیں۔ وہ دو بیٹیوں کی ماں تھیں۔

’انصاف ضرور ہونا چاہیے‘

ایکس پر صحافی فریحہ ادریس نے لکھا کہ انھیں ربیعہ احسن کی موت کی خبر سن کر ’شدید صدمہ اور گہرا دکھ ہوا‘ ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ ربعیہ ’ایک باصلاحیت اینکر، ساتھی اور دو بچوں کی ماں تھیں۔ وہ بہت جلد ہم سے بچھڑ گئیں۔‘

’میری دلی ہمدردیاں ان کے بچوں، اہلِ خانہ اور تمام عزیزوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر عطا کرے۔ انصاف ضرور ہونا چاہیے۔‘

صحافی زیب النسا برکی نے ایکس پر ایک پیغام میں لکھا کہ ایک اور دن، ایک اور خاتون اپنے ہی گھر میں قتل کر دی گئی۔‘

شاکر عباسی نے لکھا کہ ’مجھے یہ جان کر گہرا دکھ ہوا کہ ہماری سابق ساتھی اور اینکر پرسن رابعہ احسن اب ہمارے درمیان نہیں رہیں۔

’اس واقعے کی تفصیلات ابھی زیرِ تفتیش ہیں۔‘

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔