پاکستانی شہریوں کے لیے قطر پہنچ کر ’مفت ویزا‘ حاصل کرنے کی سہولت بحال، مگر شرائط کیا ہیں؟

پاکستانی پاسپورٹ
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 4 منٹ

قطر نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا آن ارائیول (آمد پر ویزا) کی سہولت دوبارہ بحال کر دی ہے اور متعلقہ شرائط اپنی سرکاری ویب سائٹ پر شائع کر دی ہیں۔

قطر کی وزارت داخلہ کے ماتحت پاسپورٹس اور سرحدی امور سے متعلق محکمے کی ویب سائٹ پر موجود ایک ہدایت کے مطابق پاکستانی، انڈین اور تھائی شہریوں کو 30 روز تک کے لیے مفت ویزا آن ارائیول دیا جا سکتا ہے۔

ویب سائٹ پر موجود اعلان کی سرخی ہے: ’پاکستانی، انڈین اور تھائی شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ 30 دن کے لیے مفت آمد پر سیاحتی ویزا (ویزا آن ارائیول)۔‘

اس سرخی کے تحت درج معلومات کے مطابق ان تینوں ممالک کے شہری مخصوص شرائط پوری کرنے کی صورت میں قطر پہنچنے پر مفت سیاحتی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق اس سہولت کے لیے ایسا پاسپورٹ جو کم از کم تین ماہ کے لیے کارآمد ہو، آمد و رفت کا تصدیق شدہ فضائی ٹکٹ، ’ڈسکور قطر‘ پلیٹ فارم کے ذریعے ہوٹل بکنگ اور منظور شدہ ادارے کی ہیلتھ انشورنس لازمی ہو گی۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر موجود ہدایات کے مطابق قطر روانگی سے قبل مسافروں کو چند اضافی تقاضے بھی پورے کرنا ہوں گے۔

وزارت خارجہ کے مطابق ویزا آن ارائیول سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافروں کو اپنی ہوٹل بکنگ لازمی طور پر ’ڈسکور قطر‘ کے پلیٹ فارم کے ذریعے کرانا ہو گی۔

اس کے بعد کم از کم ایک ماہ کی ہیلتھ انشورنس بھی حاصل کرنا ہوگی، جس کی قیمت 50 قطری ریال (تقریباً 3800 پاکستانی روپے) بتائی گئی ہے۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ کے مطابق انشورنس کے لیے کیو آئی سی (قطر انشورنس کمپنی) اور کیو ایل ایم (لائف اینڈ میڈیکل انشورنس کمپنی) کو ترجیح دی جائے۔

وزارتِ خارجہ کی ویب سائٹ پر درج معلومات کے مطابق انشورنس مکمل ہونے کے بعد مسافر کے رجسٹرڈ ای میل پتے پر ایک ای میل موصول ہو گی، جس میں رسید اور انشورنس (سرٹیفکیٹ) ہوں گے۔ سفر کے دوران دونوں دستاویزات ساتھ رکھنا ضروری ہیں۔

حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ
،تصویر کا کیپشنقطر پہنچنے والے پاکستانی مسافر ویزا آن ارائیول کے لیے حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود امیگریشن کاؤنٹر پر جانے سے پہلے ’ڈسکور قطر‘ کے ڈیسک سے رجوع کریں گے

پاکستانی وزارتِ خارجہ کے مطابق دوحہ پہنچنے پر مسافروں کو امیگریشن کاؤنٹر پر جانے سے پہلے حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود ’ڈسکور قطر‘ ڈیسک سے رجوع کرنا ہو گا، جہاں ان کے کاغذات پر (تصدیق کے بعد) مہر لگائی جائے گی۔

’ڈسکور قطر‘ سے دستاویزات پر مہر لگنے کے بعد مسافر امیگریشن کاؤنٹرز پر جا سکیں گے، جہاں ویزا کارروائی، آنکھوں کی سکیننگ اور بائیومیٹرک مراحل مکمل کیے جائیں گے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب رواں برس مارچ میں دوحہ میں پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانی شہریوں کو آگاہ کیا تھا کہ ویزا آن ارائیول کی سہولت عارضی طور پر دستیاب نہیں اور قطر کا سفر کرنے والے افراد پیشگی ویزا حاصل کریں۔

قطر ماضی میں بھی پاکستانی شہریوں کو ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کرتا رہا ہے۔

مئی 2018 میں دوحہ میں پاکستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں پاکستانی شہریوں کے لیے قطر کی ’نظر ثانی شدہ فری ویزا آن ارائیول پالیسی‘ کا حوالہ دیا گیا تھا۔

مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

سفارت خانے کی اس پوسٹ کے ساتھ قطر ایئرویز کی جانب سے آٹھ مئی 2018 کو جاری کردہ ایک نوٹس بھی شامل کیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافروں کو چند شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

ان میں کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، واپسی کا تصدیق شدہ فضائی ٹکٹ، اپنے نام پر کریڈٹ کارڈ، ہوٹل کی تصدیق شدہ بکنگ اور پاکستان سے براہ راست سفر کی صورت میں پولیو ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ شامل تھے۔

نوٹس کے مطابق یہ ویزا 30 دن کے لیے مفت تھا اور اسے مزید 30 دن کے لیے توسیع بھی دی جا سکتی تھی۔ بعد ازاں مارچ 2026 میں پاکستانیوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت معطل کر دی گئی تھی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر 30 مارچ کو جاری کیے گئے ایک بیان میں قطر میں پاکستانی سفارت خانے نے کہا تھا کہ ’موجودہ حالات‘ کے باعث پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت فی الحال دستیاب نہیں۔

سفارت خانے نے قطر کا سفر کرنے والے پاکستانیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ ’کسی بھی پریشانی‘ سے بچنے کے لیے روانگی سے قبل ویزا حاصل کریں۔

تاہم اب قطری وزارتِ داخلہ کی ویب سائٹ پر پاکستان ایک بار پھر ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جن کے شہری مخصوص شرائط پوری کرنے کی صورت میں قطر پہنچنے پر مفت سیاحتی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔