’انڈر ورلڈ کا خوف‘ یا ’مجبوری‘: امیتابھ بچن نے مداحوں سے ملاقات کے لیے بُلٹ پروف شیشے کا سہارا کیوں لیا؟

ANI
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 5 منٹ

انڈین اداکار امیتابھ بچن نے اتوار کو ممبئی میں اپنی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کے باہر جمع ہونے والے مداحوں کو ایک بلٹ پروف شیشے کے حفاظتی حصار کے پیچھے سے خوش آمدید کہا۔

امیتابھ بچن اپنے مداحوں کو ہمیشہ اپنا ’بڑا خاندان‘ قرار دیتے آئے ہیں اور گذشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے سے ہر اتوار ان سے ملاقات کی روایت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

تاہم ممبئی میں فلمی شخصیات کو نشانہ بنانے کے واقعات اور حالیہ دھمکیوں کے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

یہ وہی روایت ہے جو امیتابھ بچن نے سنہ 1980 کی دہائی کے اوائل میں فلم ’قُلی‘ کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی ہونے اور موت کے منھ سے واپس آنے کے بعد شروع کی تھی۔ اس کے باوجود وہ اپنے مداحوں سے ملاقات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

امیتابھ بچن اور دلجیت دوسانجھ کو دھمکیاں کیوں ملیں؟

گذشتہ ماہ اداکار ٹائیگر شروف پر حملے کے واقعے اور اس کے بعد امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کو بم سے اڑانے کی دھمکی کے بعد حکام نے ان کی سکیورٹی بڑھا دی تھی۔

گذشتہ جمعے ممبئی میونسپل کارپوریشن کو موصول ہونے والی ایک ای میل میں امیتابھ بچن اور گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق خود کو سمتھ جانسن کہنے والے ایک شخص نے مبینہ طور پر دھمکی دی کہ 31 اکتوبر کو امیتابھ بچن کی ممبئی میں رہائش گاہ پر گرینیڈ حملہ کیا جائے گا، جبکہ 27 نومبر کو مہالکشمی ریس کورس میں دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کے دوران خودکش حملہ کیا جائے گا۔

ایک سال سے بھی کم عرصے میں دونوں شخصیات کو ملنے والی یہ دوسری دھمکی بتائی گئی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ خالصتان کے حامی بعض گروہ ان دونوں فنکاروں کو کیوں نشانہ بنا رہے ہیں؟

اس تنازع کی جڑیں سنہ 1984 کے سکھ مخالف فسادات سے متعلق ان الزامات میں ہیں جو کئی دہائیوں سے امیتابھ بچن کے حوالے سے سامنے آتے رہے ہیں۔

یہ معاملہ گذشتہ سال اس وقت دوبارہ زیرِ بحث آیا جب دلجیت دوسانجھ نے امیتابھ بچن کے ٹی وی پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں شرکت کی اور احتراماً ان کے پاؤں چھوئے۔

اس پر علیحدگی پسند تنظیم ’سکھس فار جسٹس‘ (ایس ایف جے) نے دلجیت دوسانجھ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ انھوں نے سنہ 1984 کے فسادات کے متاثرین کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔

اس واقعے کے بعد دلجیت دوسانجھ کو امیتابھ بچن سے تعلق اور ان کے ساتھ احترام کے اظہار پر بھی تنقید اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم 31 اکتوبر کو کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور یکم نومبر کو امیتابھ بچن نے اپنے مداحوں سے ملاقات کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر ’سنڈے درشن‘ کیا۔

Getty Images

’سنڈے درشن‘: مداحوں سے ملاقات کی 43 سالہ روایت

امیتابھ بچن گذشتہ 43 برس سے زیادہ عرصے سے ہر اتوار ممبئی میں اپنی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کے باہر جمع ہونے والے مداحوں سے ملاقات کرتے آئے ہیں۔

ان کے لیے یہ محض مداحوں کے سامنے آنا نہیں بلکہ ان لوگوں کے لیے اظہارِ تشکر کا ایک طریقہ ہے جنھوں نے ان کے فلمی سفر کے دوران ہمیشہ ان کا ساتھ دیا۔

ایک زمانے میں ’اینگری ینگ مین‘ کے نام سے شہرت پانے والے امیتابھ بچن اپنے بلاگ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، بشمول ایکس اور فیس بک، کے ذریعے بھی مداحوں سے رابطے میں رہتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ اپنی اس ’ایکسٹینڈڈ فیملی‘ سے جڑے رہنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ ان کے مداح خود کو اہم اور قابلِ قدر محسوس کریں۔

امیتابھ بچن اپنے انٹرویوز اور بلاگز میں کئی بار اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ جب کوئی مداح خود کو نظرانداز محسوس کرتا ہے تو انھیں افسوس ہوتا ہے۔ تاہم ان کے مطابق تکنیکی مسائل اور پیغامات کی بڑی تعداد کے باعث ہر تبصرے کا جواب دینا ممکن نہیں ہوتا۔

حالیہ بم دھماکے کی دھمکی کے بعد ’جلسہ‘ کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور مداحوں سے ملاقات کے لیے ایک پلیٹ فارم پر شفاف بلٹ پروف حفاظتی حصار بھی نصب کیا گیا۔

اس کے باوجود امیتابھ بچن نے مداحوں سے اپنے تعلق کو برقرار رکھا اور ان سے ملاقات و رابطے کو محبت، عقیدت اور خلوص کا رشتہ قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر کیا ردِعمل سامنے آیا؟

امیتابھ بچن کی جانب سے بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے مداحوں کو درشن دینے کے واقعے پر سوشل میڈیا پر بھی تبصرے کیے گئے۔

معروف صحافی اجیت انجم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ممبئی میں ’انڈر ورلڈ کا خوف بڑھتا جا رہا ہے۔‘

x.com

انھوں نے امیتابھ بچن کے حفاظتی حصار کے پیچھے سے مداحوں سے ملاقات کرنے کو مودی اور امیت شاہ کے دورِ حکومت میں گینگسٹرز کی دھمکیوں کے اثرات سے جوڑتے ہوئے تبصرہ کیا۔

انفلوئنسر امت کمار سندھی نے ایکس پر لکھا کہ ’ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کے بعد امیتابھ بچن قدرے خوفزدہ دکھائی دے رہے ہیں۔ اب وہ ہر اتوار اپنے مداحوں سے ملاقات تو کرتے ہیں، لیکن اس بار ان کے اور مداحوں کے درمیان حفاظتی شیشے کی دیوار حائل ہے۔‘

x.com

بالی وڈ اداکار کمال راشد خان (کے آر کے) نے لکھا کہ ’گذشتہ 50 برسوں میں امیتابھ بچن نے کبھی بھی عوام اور اپنے مداحوں سے ملنے کے لیے بلٹ پروف شیشے کا استعمال نہیں کیا۔ لیکن اب ملک میں جرائم اس حد تک بڑھ گئے ہیں کہ امیتابھ بھی اپنی حفاظت کے لیے بلٹ پروف شیشے کے پیچھے آنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔‘

کئی صارف نے مزاحیہ انداز میں اس پر ردعمل ظاہر کیا۔ ایک نے لکھا کہ ’لگتا ہے کہ امیتابھ بچن نے اپنا 786 نمبر کا بلّہ کھو دیا ہے۔‘ یاد رہے کہ امیتابھ فلم دیوار میں 786 نمبر کے بلّے کی وجہ سے گولی کا نشانہ بننے سے بچ جاتے ہیں جبکہ اس نمبر کا مسلمانوں کے ایک طبقے میں خاصی اہمیت ہے۔

امیتابھ بچن کے لیے مداحوں سے ملاقات کی یہ روایت آج بھی اہمیت رکھتی ہے، تاہم بدلتے ہوئے سکیورٹی حالات نے اس طویل عرصے سے جاری روایت کا انداز ضرور بدل دیا ہے۔