برطانیہ: کووڈ-19 الرٹ میں ایک درجے مزید کمی
بی بی سی کے نمائندہ برائے داخلہ امور ڈینیل سینڈ فورڈ کے مطابق برطانیہ نے کورونا وائرس کے خطرے میں ایک درجے مزید کمی کا اعلان کا ہے۔
اس وقت برطانیہ، سکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں کووڈ-19 الرٹ چار سے کم ہو کر لیول تین پر آ گیا ہے یعنی متاثرین کی تعداد میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔
لیول فور کا مطلب یہ ہے کہ ابھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ زیادہ موجود ہے جبکہ لیول تھری کا مطلب ہے کہ اب عمومی نوعیت کا ہے۔
برطانیہ، سکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ کے چیف میڈیکل آفیسر کا کہنا ہے کہ انھوں نے ملک میں کورونا وائرس کے خطرے پر نظرثانی کے بعد ایک درجہ کم کرنے کی سفارش کی ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ان چار ممالک میں اب کورونا وائرس کے متاثرین میں تسلسل سے کمی واقع ہو رہی ہے۔
اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اب یہ وبا ختم ہو گئی ہے۔ یہ وائرس اب بھی موجود ہے اور اس وبا کے مقامی سطح پر پھیلنے کا امکان موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام کے تعاون سے اس وائرس کے خلاف یہ پیش رفت کی ہے اور ابھی بھی ہمیں اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر سے متعلق عوامی تعاون درکار ہے۔