ہڑتال ختم، ینگ ڈاکٹرز کا کام کرنے کا اعلان, ایم اے جرال

،تصویر کا ذریعہMA Jarral
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے اپنے بیشتر مطالبات پورے ہونے پر اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر فہیم گردیزی کی سربراہی میں ایک وفد نے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور ان کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر راجہ عمر منیر نے بتایا کہ ینگ ڈاکٹرز آج سے ریاست بھر کے اسپتالوں میں حسب معمول میڈیکل سروسز فراہم کرنا شروع کر دیں گے۔
ڈاکٹر عمر منیر نے بتایا کہ وزیراعظم نے اس خطے کے ڈاکٹرز کی پاکستان کے دیگر صوبوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کے برابر مساوی حقوق دینے کے بارے میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے
انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ریاست بھر کے بنیادی ہیلتھ یونٹ میں ڈاکٹر تعینات کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی جبکہ سات اضلاع میں آئی سی یو یونٹ، مختلف اسپتالوں وینٹی لیٹرز سمیت دیگر سازوسامان اور مختلف اسپتالوں کو آپ گریڈ کرنے کے بارے بھی وفد کو آگاہ کیا.
ڈاکٹرز کی مختلف کیڈرز کی آسامیاں کو ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات کے مطابق تخلیق کیا جائے گا۔
راجہ عمر منیر نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کورونا کی وبا میں محدود وسائل کے باوجود فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ینگ ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہا اور ان کے مطالبات کے حل کے بارے میں متعلقہ حکام کو احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔















