صدر حسن روحانی: ایران معیشت کو بند کرنا برداشت نہیں کر سکتا

،تصویر کا ذریعہAFP
ایران کے صدر حسن روحانی نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافے کے باوجود ان کا ملک معیشت کو بند کرنا برداشت نہیں کر سکتا۔
جمعرات کو ایران میں اس وائرس سے 221 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس وبا کے آغاز سے ابھی تک کل 12،400 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
سنیچر کو ایک ٹیلی کانفرنس کے دوران حسن روحانی نے کہا ہے کہ حفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایران کو معاشی، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کو ہر صورت جاری رکھنا چائیے۔
واضح رہے کہ اپریل میں ایران سے لاک ڈاؤن ہٹا دیا گیا۔ وزیر صحت سید نماکی کا کہنا ہے کہ ہم معیشت کو اپنی وجہ سے کھول رہے ہیں کیونکہ ہم پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہیں اور اب اس سے زیادہ برا حال نہیں ہو سکتا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر سخت معاشی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جس کی وجہ ایران کی معیشت شدید دباؤ میں ہے۔












