انڈیا کے خلاف سنچری بنانے والے حمزہ ظہور کا میچ سے قبل خود کو لکھا گیا پیغام وائرل

،تصویر کا ذریعہPCB
96 پر بیٹنگ کرتے ہوئے حمزہ ظہور کو اپنی سنچری مکمل کرنے کے لیے چار رنز درکار تھے اور پاکستان کی جیت میں بھی چار رنز باقی تھے۔ ایسے میں انڈین بولر کاویا پریش پٹیل کے فُل ٹاس پر حمزہ نے ایک خوبصورت کور ڈرائیو سے دونوں مقاصد حاصل کر لیے۔
یہ احوال تھا پاکستان اور انڈیا کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلے کا جو کہ ایشیا کپ کے تحت کھیلا جا رہا تھا۔ عمان کے شہر الامارات میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے مقررہ 50 اوورز میں 209 رنز کا ہدف دیا تھا، جو پاکستان انڈر 19 نے 49 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
یوں پاکستان انڈر 19 نے حمزہ ظہور کی ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت ایشیا کپ کے میچ میں انڈیا کو تین وکٹوں سے شکست دی۔
حمزہ ظہور نے تین چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 108 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔ اُنھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
اس سے قبل انڈیا کی ٹیم 46.3 اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ انڈیا کی جانب سے ارجن راجپوت نے 85 گیندوں پر 107 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی، لیکن ان کے علاوہ کوئی بھی انڈین بلے باز بڑی اننگز نہیں کھیل سکا اور چھ کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
پاکستان انڈر 19 کی جانب سے علی رضا، رضوان اللہ اور نقاب شفیق تین، تین وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔

،تصویر کا ذریعہPCB
میچ کا احوال
اتوار کو انڈیا انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو سود مند ثابت نہ ہو سکا اور وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔
ایک وقت میں انڈیا کی پانچ وکٹیں 86 رنز پر گر چکی تھیں، لیکن ایسے میں ارجن راجپوت نے اننگز کو سہارا دیا اور وکٹ کے چاروں جانب جارحانہ سٹروکس کھیلے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن انڈیا کا مجموعی سکور جب 170 ہوا تو ارجن راجپوت بھی پویلین لوٹ گئے، اُنھوں نے اپنی 107 رنز کی اننگز میں پانچ چھکے اور 11 چوکے لگائے۔ اس کے بعد بھی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں اور 208 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 کا بھی آغاز اچھا نہیں تھا اور صرف 61 رنز پر اس کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ لیکن ایسے میں حمزہ ظہور نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور حسنین عباس کے ساتھ مل کر 100 رنز کی شراکت داری قائم کی، جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
روایتی حریف انڈیا کو شکست دے کر پاکستان پول اے میں سرِفہرست آ گیا ہے، اس سے قبل پاکستان انڈر 19 نے متحدہ عرب امارات اور جاپان کو بھی شکست دی تھی۔

،تصویر کا ذریعہPCB
سوشل میڈیا پر پاکستان انڈر 19 کی جیت پر صارفین نوجوان بلے باز حمزہ ظہور کی تعریف کر رہے ہیں۔
ایکس پر پیغام میں سابق کرکٹر محمد یوسف نے کہا کہ ’ہر عظیم کیریئر کی ابتدا ایک پہلے قدم سے ہوتی ہے اور یہ ایک امید افزا آغاز تھا۔ حمزہ ظہور بہت خوب کھیلے۔ سیکھتے رہیے، آگے بڑھتے رہیے اور اپنی صلاحیتوں سے روشنی بکھیرتے رہیے۔‘
براڈکاسٹر نے پاکستان کی فتح کے بعد سکرین پر حمزہ کے ہاتھوں میں ایک سفید کاغذ دکھایا جس پر بظاہر انھوں نے اپنے لیے یہ پیغام چھوڑا تھا کہ ’میں انشا اللہ کل کے میچ میں 50 رنز بناؤں گا۔‘ بہت سے صارفین نے اس نوٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انھوں نے نصف سنچری کی بجائے سنچری ہی بنا ڈالی۔
صحافی فیضان لاکھانی لکھتے ہیں کہ ’اس نے یہ لکھا۔ اس نے اس پر یقین رکھا۔ اور اسے حقیقت بنا دیا۔
’انڈیا کے خلاف میچ سے قبل حمزہ ظہور نے ایک پرچی پر خود سے وعدہ لکھا کہ ’ففٹی سکور کرنی ہے!‘

،تصویر کا ذریعہX
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
انھوں نے ساتھ یہ بھی لکھا کہ ’میں بہترین ہوں۔‘
’پھر میچ شروع ہوا۔ پاکستان کی ٹیم 61 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی۔ لیکن حمزہ نے توقعات سے بھی بڑھ کر کارکردگی دکھائی اور ناقابلِ شکست 100 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو سنسنی خیز انداز میں تین وکٹوں سے فتح دلوا دی۔ اور جب اس نے میچ جتوایا اور وہی پرچی نکال کر کیمروں کو دکھا دی۔ ایک وعدہ کیا گیا۔ ایک وعدہ دوگنا ہو کر پورا ہوا۔‘
میزبان زینب عباس نے ایکس پر لکھا کہ ’حمزہ ظہور نے ذمے دارانہ اور زبردست اننگز کھیلی۔۔۔یہ دیکھ کر ہمیشہ اچھا لگتا ہے کہ ٹیمیں نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لا رہی ہیں۔ ارجن راجپوت بھی بہت متاثر کن نظر آئے۔ انڈر 19 ایشیا کپ میں ان کی جانب سے دو عمدہ اننگز دیکھنے کو ملیں۔‘
نبراس رمضان نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ 61/5 سے 209/7 تک۔۔۔حمزہ ظہور نے انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ مرحلے کے میچ میں تنِ تنہا انڈین انڈر 19 کی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا۔
فخر نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ انڈین اکثر پاکستان کو یہ کہہ کر چھیڑتے ہیں کہ ’ہم تمہیں ہر بار ہراتے ہیں۔‘ جی ہاں، آئی سی سی (ICC) ٹورنامنٹس میں انڈیا کا پاکستان پر پلڑا بھاری رہتا ہے۔
لیکن آئی سی سی ٹورنامنٹس کے علاوہ، پاکستان انڈیا پر حاوی رہتا ہے۔ ہانگ کانگ سکسز کو ہی دیکھ لیں؛ وہاں انڈیا، پاکستان کے مقابلے میں کہیں نہیں ٹھہرتا۔ انڈر 19 ٹورنامنٹس میں؟ پاکستان آگے ہے۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔




















